جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

کراچی: گوٹھ کا قبضہ ختم کر کے ہاؤسنگ سوسائٹی کو زمین دینے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ نے اسکیم 33 میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پر غیرقانونی قبضہ کیس پر گوٹھ کے مکینوں کی آپریشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ  کے جسٹس ندیم اختر اور جسٹس محمد عبدالرحمٰن نے اسکیم 33 میں نجی ہاٶسنگ سوسائٹی پر غیرقانونی قبضے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے سوسائٹی کی زمین پر قابضین کے وکیل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کس حیثیت میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد رکوانا چاہتے ہیں؟ اپنی زمین کے حصول کے لیے نسل گزر گئی، دوسری گزرنے والی ہے، اب تیسری نسل کا انتظار کر رہے ہیں؟

گوٹھ کے رہائشیوں کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ یہ زمین غریب آباد گوٹھ کی ہے۔

جسٹس ندیم اختر نے استفسار کیا کہ کیا شہری علاقے میں گوٹھ کی منظوری کے ڈی اے نے دی ہے؟ 

گوٹھ کے رہائشیوں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ غریب آباد گوٹھ میں ایک ہزار لوگ آباد ہیں۔

جسٹس ندیم اختر نے کہا کہ قابضین ایک ہزار ہوں یا ایک لاکھ، زمین اُن کی ملکیت تو نہیں ہو جائے گی۔

گوٹھ مالکان کے وکیل نے کہا کہ غریب آباد گوٹھ میں تین مدرسے، مسجد اور اسکول بھی ہیں۔

جسٹس ندیم اختر نے کہا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا آپ گوٹھ کی ملکیت کی سند فراہم کریں، کیا گوٹھوں کی سند بغیر تاریخ کے جاری کی جاتی ہیں؟ اس سند پر تاریخ تک درج نہیں؟

جسٹس محمد عبدالرحمٰن نے کہا کہ نوٹیفیکشن کے مطابق سندھ حکومت غریب آباد گوٹھ منسوخ کر چکی ہے۔

سوسائٹی کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ 2009ء میں بورڈ آف ریونیو اس سند کو جعلی قرار دے چکا ہے، سندھ ہائی کورٹ نے 2009ء میں قبضہ مافیا کی پٹیشن خارج کی تھی اور جرمانہ بھی عائد کیا تھا، قبضہ مافیا نے آج تک جرمانہ جمع نہیں کرایا، 2009ء میں جعلی سند جاری کرنے پر ملوث افسران کے خلاف مجرمانہ کارروائی کا حکم دیا گیا تھا لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

عدالت نے گوٹھ مالکان کے وکیل سے سوال کیا کہ سند سے متعلق دائر کردہ سول مقدمات میں 3 برسوں سے پیروی کیوں نہیں کر رہے؟

جسٹس ندیم اختر نے استفسار کیا کہ آپ کی یہ درخواست کیسے قابلِ سماعت ہو سکتی ہے؟ آپ جائیں، سول کیس سارا دن چلائیں، آپ یہاں اعتراض نہیں کر سکتے۔

بعد ازاں عدالت نے سوسائٹی کی زمین پر قائم گوٹھ کے مکینوں کی آپریشن روکنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 21 دسمبر تک قبضہ ختم کر کے زمین سوسائٹی کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.