کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع بلال کالونی فائر اسٹیشن میں 3 ملازمین کے قتل کے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن ابریز علی عباسی کے مطابق ملزم شیخ بلال ظفر فاروقی کو منظور کالونی سے گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزم شیخ بلال محکمۂ پولیس کا برطرف کانسٹیبل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم ڈپٹی ڈائریکٹر کے ایم سی کے قتل کے الزام میں پہلے بھی گرفتار ہو چکا ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر کے ایم سی کو حسن اسکوائر کے قریب قتل کیا گیا تھا۔
ابریز علی عباسی نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا والد لیاقت ظفر فاروقی بھی فائر بریگیڈ میں فائر آفیسر تھا، جسے لیاری میں قتل کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں 3 ملازمین کے قتل کی وجہ ذاتی رنجش لگتی ہے، پولیس گرفتار ملزم سے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق 3 فائر فائٹرز کو قتل کرنے والا ملزم سابقہ سی ٹی ڈی اہلکار ہے، جو قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ملزم نے کراچی یونیورسٹی سے 2016ء میں آئی آر میں ماسٹرز کیا تھا، ملزم نے والد کے قتل کے شبہے میں تمام قتل کی وارداتیں انجام دیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پہلے قتل کے بعد ملزم بلال جیل چلا گیا تھا اور پولیس کی نوکری سے برطرف کر دیا گیا تھا، ملزم کچھ عرصے قبل ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم پر غیر قانونی اسلحہ رکھنے، قتل، اقدامِ قتل اور دہشت گردی کے کئی مقدمات ہیں۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو بلال کالونی فائر اسٹیشن میں فائرنگ سے 3 ملازمین جاں بحق ہو گئے تھے۔
Comments are closed.