کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں کشمیر روڈ کے قریب گھر کے باہر ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزم کے خلاف درج کرلیا گیا، مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ اور رکشے والے کو شامل تفتیش کرائیں گے۔
پی ای سی ایچ ایس میں نوجوان کے قتل کے واقعے کا مقدمہ تھانہ فیروآباد میں بھائی جہانزیب کی مدعیت میں درج کیا گیا ہےجس میں ڈکیتی کے دوران قتل کی دفعہ شامل ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے بیان دیا کہ اسے شام کو فون پر بھائی کو گولی لگنے کی اطلاع ملی۔
مدعی کا مزید کہنا تھا کہ ملزم اسپتال سے لوٹنے والی اس کی بہن اور والدہ کے رکشا کے پیچھے گھر تک آیا اور رکشے سے اترنے پر ان سے لوٹ مار کی اس دوران چھوٹا بھائی گھر سے نکلا تو ملزم نے بھائی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا بھائی کو اسپتال لے گئے تاہم جانبر نہ ہو سکا۔
دوسری جانب مقتول شاہ رخ کی میت سردخانے سے گھر منتقل کردی گئی ہے، اس کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر رحمانیہ مسجد طارق روڈ میں ادا کی جائیگی۔
شاہ رخ کے بھائی جہانزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے دوران گارڈ نے کوئی مزاحمت نہیں کی، ہم سیکیورٹی گارڈ اور رکشے والے کو شامل تفتیش کرائیں گے۔
جہانزیب کا مزید کہنا تھا کہ مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی حاصل کی جارہی ہیں۔
Comments are closed.