سندھ پولیس کی کراچی رینج کے 60 ہزار ملازمین کو میڈیکل انشورنس کوریج فراہم کرنے کے لیے معروف اور تجربہ کار انشورنس کمپنیوں سے ٹینڈر طلب کر لیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق چیئرمین پروکیورمنٹ کمیٹی ایس ایس پی مددگار 15 سندھ پولیس کی طرف سے جاری کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انشورنس پالیسی کی مدت ایک سال ہوگی۔
مراسلے کے مطابق میڈیکل انشورنس کنٹریکٹ کے حصول میں دلچسپی رکھنے والی کمپنی کے پاس سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ قابل میعاد انشورنس لائسنس کا ہونا لازم ہے۔
علاوہ ازیں پیشکش دینے والے ادارے یا افراد کو میڈیکل انشورنس سروس مہیا کرنے میں کم از کم تین سال کے تجربہ کار ہونا لازمی ہے۔ کمپنی سے متعلقہ لازمی دستاویزات کے ساتھ ساتھ گزشتہ تین برسوں کے مالیاتی گوشوارے بھی طلب کیے گئے ہیں۔
پولیس ملازمین کی میڈیکل انشورنس کیلئے کمپنی کا فیصلہ 29 مارچ کو کیا جائے گا۔
Comments are closed.