کراچی شرقی پولیس نے سی پی ایل سی ملیر کی ٹیم کے ہمراہ سچل گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے نوجوان مجتبیٰ کے اغواء میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بہادر کے مطابق گرفتار ملزم عبدالرحمٰن اور عارف ملک کے قبضے سے 2 پستول اور 5 لاکھ روپے برآمد ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے 12 دسمبر کو سائٹ سپرہائی وے تھانے کی حدود سے 19 سالہ مجتبیٰ کو گاڑی سمیت اغواء کر لیا تھا، ملزمان نے نوجوان کے اہلِ خانہ سے رہائی کے عوض 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا اور پولیس کو بتانے اور رقم نہ دینے پر نوجوان کے قتل کی دھمکیاں دی تھیں۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بہادر نے بتایا ہے کہ ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے انہیں ملزمان کی گرفتار ی کا خصوصی ٹاسک دیا تھا جس پر انہوں نے ڈی ایس پی سید غیور، ڈی ایس پی عامر حمید، انسپکٹر آصف رؤف پر مشتمل ٹیم تشکیل دی۔
انہوں نے بتایا کہ اسی دوران ملزمان نے مغوی کے اہلِ خانہ سے 13 اور 14 دسمبر کی رات رابطہ کیا اور مغوی کی والدہ سے 12 لاکھ روپے تاوان سچل کے علاقے میں وصول کیا۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بہادر نے بتایا ہے کہ ملزمان نے رقم وصول کی اور مغوی مجتبیٰ کو اس کی والدہ کے حوالے کر دیا تاہم مغوی کی گاڑی، اس کے موبائل فون اور اس کی والدہ کا موبائل فون بھی اپنے پاس رکھ لیا اور مزید 5 لاکھ روپے طلب کیے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزمان مغوی کے اہلِ خانہ کو مختلف جگہوں پر بلاتے رہے لیکن پولیس کے ڈر سے تاوان کی مزید رقم وصول نہ کر سکے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، 5 لاکھ روپے کے علاوہ مغوی اور اس کی والدہ کے موبائل فون، اغواء کی واردات میں استعمال ہوئی گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بہادر نے یہ بھی بتایا ہے کہ ملزمان کے خلاف غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ درج کر کے انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے اے وی سی سی کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی ایسٹ نے پولیس پارٹی کے لیے انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان کیا ہے۔
Comments are closed.