کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے نالے میں گزشتہ روز گرنے والے بچے کی لاش مل گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اہلِ خانہ بچے کی لاش لے کر گھر روانہ ہوگئے ۔
گزشتہ روز اورنگی ٹاؤن ساڑھے 11 نمبر میں واقع بے نظیر کالونی میں موٹر سائیکل سوار میاں اور بیوی 2 سالہ بچے سمیت اوور فلو نالے میں گر گئے تھے۔
علاقہ مکینوں نے میاں اور بیوی کو تو نکال لیا تھا لیکن 2 سالہ بچہ اذان نالے میں ڈوب گیا تھا۔
علاقہ مکینوں نے ریسکیو 1122 اور فلاحی ادارے کو اطلاع دی، جس پر ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں نے فلاحی ادارے کے اہلکاروں کے ہمراہ بچے کی تلاش شروع کی۔
ہیوی مشینری کی مدد سے نالے کے اوپر علاقہ مکینوں کے لیے بنائے گئے پل کو توڑا گیا تاکہ بچے کی تلاش کا کام آسان ہو۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نالہ کافی عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، اورنگی نالے کی تعمیر جب سے شروع ہوئی ہے تب سے حادثے کا سبب بننے والے اس نالے پر بند باندھ کر اس میں پانی کی نکاسی کے لیے پائپ لگا دیے گئے ہیں جس کے باعث عام طور پر نالہ اوور فلو رہتا ہے۔
بارش کے باعث گلی میں پانی تھا اور نالہ اوور فلو کرنے کی وجہ سے متاثرہ فیملی کو نالے کا اندازہ نہیں ہوا اور وہ موٹر سائیکل سمیت نالے میں گر گئی۔
متاثرہ فیملی اورنگی ٹاؤن کی بہار کالونی کی رہائشی ہے۔
Comments are closed.