منگل11؍شوال المکرّم 1444ھ2؍مئی 2023ء

واٹس ایپ ڈیٹا کی گوگل ڈرائیو کے متبادل ٹرانسفر کی آزمائش جاری

مینلوپارک: میٹا کمپنی کے مطابق جلد ہی جیٹ ہسٹری محفوظ کرنے کے لیے متبادل طریقہ پیش کرے گی۔ اس سے قبل بالخصوص اینڈروئڈ صارفین کے پاس چیٹ ہسٹری محفوظ کرنے کے لیے ’گوگل ڈرائیو‘ کے سوا کوئی اور راستہ نہ تھا۔

اسی طرح اگر فون میں گوگل ڈرائیو بیک اپ نہیں تھا تو اسے محفوظ کرنا بھی محال ہوتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ ایک ایسے طریقے کی آزمائش کررہا ہے جس کے لیے گوگل ڈرائیو کی ضرورت یکسر ختم ہوجائے گی۔

بعض صارفین نے بتایا ہے کہ واٹس ایپ نے انہیں نئے فیچر کی آزمائش کے لیے منتخب کیا ہے۔ یہ صارفین اسے استعمال کرکے اس کی خوبیوں اور خامیوں سے واٹس ایپ کو آگاہ کریں گے۔ اس معلومات کی روشنی میں واٹس ایپ اس فیچر کو حتمی طور پر لانے سے قبل ضروری تبدیلیاں کرے گا۔

واٹس ایپ کی خبر دینے والی ویب سائٹ ڈبلیو اے بی ٹا انفو کے مطابق یہ سہولت نئے تجرباتی ورژن v2.23.9.19 میں رکھی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گوگل ڈرائیو کے بغیر ایک سے دوسرے اینڈروئڈ فون میں چیٹ ہسٹری بہت آسانی اور سہولت کے ساتھ منتقل کرنا ممکن ہوگا۔

ڈیٹا منتقلی کے لیے بس آپ کو ایک نئے کیو آر کوڈ کو اسکین کرنا ہوگا ۔ تاہم واٹس ایپ نے دیگر تفصیلات جاری نہیں کی ہے۔

You might also like

Comments are closed.