بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی میں 2 جولائی کو تیز بارش کا امکان، اربن فلڈنگ کا خطرہ

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بارش کے حوالے سے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے شہریوں کو خبردار کر دیا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں 2 جولائی سے تیز بارش کا امکان ہے جس سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ کراچی میں آج اور کل مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں صبح اور رات میں ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم مون سون کے پہلے اسپیل کی شدت سندھ میں زیادہ رہے گی۔

محکمۂ موسمیات نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 2 سے 5 جولائی کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کر دی۔

سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ کراچی میں 2 جولائی کی شام یا رات سے وقفے وقفے سے تیز بارش ہو سکتی ہے، شہرِ قائد میں بارش سے قبل آندھی بھی چل سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آندھی کے دوران کراچی میں ہوا کی رفتار 81 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مون سون کا سسٹم کراچی کو چھوتا ہوا گزرا تو اس سے 50 سے 70 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مون سون کے اس سسٹم کا مرکز اگر کراچی سے گزرا تو یہاں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے، جس سے شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی سے متصل سمندر میں 3 سے 5 جولائی کے دوران طغیانی رہے گی، اس دوران ماہی گیر محتاط رہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق خلیجِ بنگال اور بحیرۂ عرب سے نم ہوائیں گزشتہ رات سیالکوٹ اور نارووال میں داخل ہوئی ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ آج یہ ہوائیں مزید شدت کے ساتھ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جبکہ 2 جولائی سے یہ ہوائیں مشرقی سندھ پر اثر انداز ہوں گی۔

یکم سے 5 جولائی کے دوران کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین، دادو اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمۂ موسمیات کی کراچی میں تیز بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود شہر میں موجود برساتی نالے اب تک صاف نہ ہو سکے۔

شہر کے 41 بڑے اور 518 چھوٹے نالوں میں اب بھی کچرا موجود ہے، کے ایم سی کی نالہ صفائی مہم اب تک نمائشی دوروں تک محدود رہی ہے۔

نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث شہر میں صورتِ حال ابتر ہو سکتی ہے۔

چند روز قبل ہونے والی 38 ملی میٹر کی بارش کے باعث ان نالوں کے ابلنے سے ضلع وسطی سمیت پورا شہر متاثر ہوا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.