انچارج کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) راجہ عمرخطاب نے کہا ہے کہ گزشتہ روز مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی ہے۔
کراچی میں ایس ایس پی سی ٹی ڈی زبیر نذیر اور راجہ عمر خطاب نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ گزشتہ روز کارروائی میں 2 دہشت گرد ایمل شاہ اور عبداللّٰہ مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ایمل عرف حمزہ پشین اور عبداللّٰہ کوئٹہ کا رہائشی تھا، ہلاک دہشتگرد پہلے کالعدم ٹی ٹی پی پھر داعش میں شامل ہوئے۔
راجہ عمر خطاب نے کہا کہ آپریشن کے لیے مختلف ٹیمیں بنائی گئیں، ٹیمز بنا کر گھر پر چھاپہ مارا گیا، اطلاع ملنے پر بہت کم وقت میں کام کیا گیا۔
راجہ عمر خطاب کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے کوئٹہ میں ہوٹل پر دھماکا بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے تیسر ٹاؤن کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے کے دوران فائرنگ سے 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔
Comments are closed.