بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی میں چہلم امام حسینؓ کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد

کراچی میں چہلم امام حسینؓ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

چہلم کی مرکزی مجلس سے نشتر پارک میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے، جلوس کے شرکاء امام بارگاہ علی رضا ایم اے جناح روڈ پر نماز ظہرین ادا کریں گے۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے بڑی تعداد میں پولیس اور رینجرز تعینات ہیں، جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والی سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

جلوس کی گزرگاہ پر موجود دکانیں بھی سیل کردی گئی ہیں، مرکزی جلوس کی نگرانی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی کی جائے گی، جلوس کی گزرگاہ پر موجود عمارتوں پر ماہر نشانہ باز اہلکار تعینات ہیں۔

ملک بھر میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر جلوس نکالے جا رہے ہیں اور مجالسِ عزا منعقد کی جا رہی ہیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیے ناظم آباد سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والے ٹریفک لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ اور گارڈن کی جانب موڑا گیا ہے۔

لیاقت آباد سے ایم اے جناح روڈ آنے والی ٹریفک کو تین ہٹی چوک سے مارٹن روڈ اور جیل چورنگی کی جانب موڑا گیا ہے۔

اسٹیڈیم روڈ سے ایم اے جناح روڈ کی جانب آنے والے ٹریفک کو نیو ایم اے جناح روڈ جانے کی اجازت ہوگی، چھوٹی یا بڑی ٹریفک کو گرومندر چوک سے ایم اے جناح روڈ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.