بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ میں سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے تمام صوبوں سے ملکر مشاورت کریں گے، وفاقی حکومت سندھ میں سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کراچی میں ملاقات کی اور سیلاب کی صورتحال، پانی کی نکاسی اور امدادی کاموں پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سے رابطے میں رہیں اور جس سامان کی فوری طور پر ضرورت ہے اس کو مہیا کرنے کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت 15 لاکھ خیموں کی ضرورت ہے جس کے برعکس ڈھائی لاکھ خیمے مہیا کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روڈ اور ٹرین نیٹ ورک کی بحالی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے تاکہ اشیاء ضروریہ کی رسد ہوسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آبپاشی نظام، زرعی زمینوں کی بحالی اور نکاسی آب کو بہتر بنانا ہوگا تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.