کراچی کے علاقے کیماڑی میں دولہا کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں بچہ جاں بحق جبکہ دولہا زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔
کیماڑی کے علاقے مسان چوک کے قریب دولہے کی گاڑی پر فائرنگ کی گی جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق ہوا ہے جبکہ دولہا زخمی ہو گیا۔
جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 11 سالہ سریش کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق اسفندیار نامی دولہا بارات لے کر ملیر سے آیا تھا تاہم جب بارات لے کر واپس جانے لگا تو مسلح شخص نے گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق گولی پہلے دولہا کی گود میں بیٹھے بچے کو لگی اور پھر اسے پار کر کے دلہا کو زخمی کر گئی۔
پولیس کی ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کی وجہ سے پیش آیا، فائرنگ کرنے والا ملزم واردات کے بعد با آسانی فرار ہو گیا۔
واقعے کی تحقیقات کرنے والی پولیس کا کہنا ہے کہ دلہن کے چچا زاد نے کسی اور سے شادی ہونے پر فائرنگ کی، لڑکی کے والد نے بچپن میں اپنی بیٹی کی شادی ملزم سے کرنے کا کہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے ملزم دلہن کے چچا زاد کی گرفتاری کے لیے کوشش جاری ہے، فائرنگ سے ہلاک ہونے والے 11 سالہ سریش کی لاش ٹھٹھہ منتقل کر دی گئی ہے۔
پولیس نے مزید بتایا ہے کہ زخمی دولہا کو کلفٹن میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ تا حال درج نہیں ہو سکا ہے، اہلِ خانہ کابیان بھی ریکارڈ نہیں ہوا، اہلِ خانہ کے بیان کی روشنی میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed.