ہفتہ 29؍شوال المکرم 1444ھ20؍مئی 2023ء

کراچی میں جلاؤ گھیراؤ، 90 سے زائد تصاویر اور ویڈیوز جاری

کراچی میں شارع فیصل اور دیگر مقامات پر جلاؤ گھیراؤ کے معاملے پر شعبہ تفتیش پولیس نے 90 سے زائد تصاویر اور ویڈیوز جاری کر دیں۔

پولیس کے مطابق تصاویر جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے مقام سے حاصل کی گئی ہیں، جاری کردہ تصاویر میں سے کئی افراد کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

تصاویر میں پی ٹی آئی ایم این اے اور ایم پی ایز کو بھی دکھایا گیا، جاری کردہ تصاویر میں پی ٹی آئی کراچی کے عہدیدار بھی شامل ہیں۔

تصاویر میں پی ٹی آئی کے کارکن بھی بڑی تعداد میں دکھائی دے رہے ہیں، ایم پی اے راجا اظہر اور ایم این اے فہیم خان بھی موجود ہیں۔

ڈاکٹر مسرور سیال، حلیم عادل شیخ، ایم پی اے ڈاکٹر سعید آفریدی اور ایم این اے سیف الرحمٰن محسود تصاویر میں موجود ہیں۔

پولیس نے کراچی میں بدامنی اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 250 افراد کو گرفتار کر لیا۔

ایم پی اے رابستان خان اور ان کے بھائی پیر رحمٰن، پی ٹی آئی ضلع ویسٹ کے صدر اسد امان، سابق ایم این اے عطا اللّٰہ، راجا اظہر کے بڑے بھائی راجا آصف اور دیگر بھی تصاویر میں موجود ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شارع فیصل پر قیدی وین کو جلانے والے کارکنان کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، قیدی وین جلانے میں ملوث ملزم کا نام فرحان خان بتایا گیا ہے۔

تصاویر اور ویڈیوز میں نظر آنے والے ملزمان کی تلاش کا عمل جاری ہے، تمام ملزمان کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.