
کراچی میں بینک سے نکلنے والے شہری کو لوٹنے والا سوٹڈ بوٹڈ ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
کراچی کے ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں شاہراہ فیصل بلوچستان ہاؤس کے قریب بینک سے نکلنے والے شہری کو لوٹنے والے 2 ملزمان میں سے ایک سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔
ٹیپو سلطان تھانے کی ایس ایچ او انسپکٹر عظمیٰ خان کے مطابق مقامی بینک سے فراز نامی شہری نے 5 لاکھ 40 ہزار روپے نکلوائے تھے کہ ٹائی لگائے ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر ان سے رقم لوٹ لی۔
مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس سے منی چینجر کا سیکیورٹی گارڈ سلیم اختر زخمی ہوا۔ سیکیورٹی گارڈ نے بھی جوابی فائرنگ کی جس سے عقب میں بیٹھا ہوا ایک ملزم گولی لگنے سے زخمی ہو کر بعد ازاں موقع پر ہلاک ہوگیا۔
ایس ایچ او عظمیٰ خان کے مطابق لوٹی گئی رقم میں سے 2 لاکھ 40 ہزار ہلاک ملزم کے پاس تھے جو زمین پر گر گئے جسے شہریوں نے اٹھا کر مدعی کے حوالے کیا۔ جبکہ دوسری رقم نہیں مل سکی، اس کے بارے میں پولیس کا شبہ ہے کہ فرار ہونے والا ملزم لے گیا۔
دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں شہریوں کو فائرنگ سے بچ کر بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
گولیاں لگنے سے متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا بیشتر کے شیشے ٹوٹ گئے، ہلاک ملزم کی شناخت کامل احمد کے نام سے ہوئی ہے جو حسرت موہانی کالونی کا رہائشی تھا۔ اس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
ایس ایچ او عظمیٰ خان کے مطابق ہلاک اور فرار ہونے والے ملزمان نے پینٹ شرٹس پہنی ہوئی تھیں جبکہ کوٹ پر ٹائی بھی لگا رکھی تھیں۔ ملزم کے قبضے سے 3 جدید پستول برآمد ہوئے ہیں۔
Comments are closed.