ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت سندھ کے چند اضلاع میں آج شام یا رات سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے امکان کے بعد پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے آج (4 جنوری کی) رات سے 7 جنوری کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شام یا رات سے شہرِ قائد میں بارشوں کا امکان ہے۔
کراچی کا موجودہ درجۂ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ یہاں10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 49 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق 4 جنوری سے 7 جنوری کے دوران کراچی، سکھر، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ، جامشورو، میر پور خاص، دادو، بدین، ٹنڈو الہٰیار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، جیکب آباد، شکار پور، تھر پارکر، قمبر شہد اد کوٹ اور عمر کوٹ میں تیز ہواؤں اور طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے ممکنہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو اس دوران الرٹ رہنے اور ضروری اقدام کرنے کی ہدایت کر دی۔
ادھر مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ شمالی بلوچستان میں داخل ہو گیا، جس کی وجہ سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم گوادر اور گرد و نواح میں داخل ہو چکا ہے۔
گوادر شہر اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ رات گئے سے جاری ہے۔
گوادر کے دیگر علاقوں پسنی، جیوانی، سر بندن، اورماڑہ، پشکان گنز، پلیری، بُرز کپّر، دشت کُرمی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
گوادر شہر میں بارش کے بعد سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا، شہریوں کو مشکلات سامنا ہے۔
بارش کے باعث شدید سردی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
بارش کے بعد سے گوادر شہر میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے، ضلعی انتظامیہ نے ماہی گیروں کو 6 جنوری تک کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت پہلے ہی کر رکھی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے 3 سے 6 جنوری تک ضلع کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
تیز بارش کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر گوادر نے ماہی گیروں کی کشتیوں کو مشرقی ساحل سے مغربی ساحل کی طرف منتقل کرنے اور آج رات سے 6 جنوری تک ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔
Comments are closed.