ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز نے کراچی میں آج سے 2 اکتوبر کے دوران تیز بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے اطراف آج دوپہر میں تھنڈر سیلز بن سکتے ہیں، جن سے بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج سے 2 اکتوبر تک تیز بارشوں کا امکان ہے، کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ حالیہ بارشیں بحیرۂ عرب میں موجود سرکیولیشن کے باعث ہوں گی، طوفان ’گلاب‘ کمزور ہو کر ہوا کے کم دباؤ کی صورت اختیار کر گیا ہے۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ ہوا کا کم دباؤ 30 ستمبر کو گجرات سے دوبارہ بحیرۂ عرب کی جانب بڑھ سکتا ہے، بحیرۂ عرب میں جانے پر یہ دوبارہ شدت اختیار کر سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہوا کا یہ کم دباؤ اومان کی جانب بڑھتے ہوئے کراچی اور بلوچستان کے سمندر کے قریب سے گزرے گا۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان ’گلاب‘ کے اثرات سمندر میں طغیانی کی صورت میں نظر آئیں گے، تیز ہوائیں 60 سے 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ طوفان گلاب کے اثرات کے باعث بلوچستان میں گوادر تک تیز بارشیں متوقع ہیں، 30 ستمبر سے 3 اکتوبر تک سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیر سمندر میں نہ جائیں۔
Comments are closed.