بدھ 18؍جمادی الثانی 1444ھ11؍جنوری 2023ء

کراچی: مختلف علاقوں میں بوندا باندی

کراچی میں صبح سویرے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے، دھند کی وجہ سے آج صبح میں سردی کم رہی، بوندا باندی کے بعد کئی علاقوں میں تیز ہوا بھی چلی۔

کراچی کے علاقوں کلفٹن، ڈیفنس، اورنگی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، بلدیہ ٹاؤن، سائٹ، اسکیم 33، ناظم آباد، نارتھ کراچی سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں ہلکی دھند ہونے کے باعث ایئر پورٹ کے علاقے میں حدِ نگاہ 1500 میٹر رہی۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق بلوچستان مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر ہے جس کے تحت کراچی میں بھی آج مطلع ابر آلود رہے گا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں مزید بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

کراچی والے تیار ہوجائیں، 13 جنوری سے یہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہونا شروع ہوگا، پارہ سنگل ڈیجٹ میں جانے والا ہے۔

کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شہرِ قائد میں شمال مشرق کی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 90 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صبح ہلکی دھند اور رات میں موسم خنک رہنے کا امکان ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.