بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: مارچ میں کورونا وائرس سے 121 اموات ریکارڈ

محکمۂ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس سے مارچ میں 121 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

محکمۂ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 49 اموات ضلع شرقی میں ہوئیں، جبکہ سب سے کم 2 افراد ضلع ملیر میں جاں بحق ہوئے۔

محکمۂ صحت سندھ نے بتایا ہے کہ ضلع وسطی میں33 اور ضلع جنوبی میں 19 افراد کورونا وائرس کی وباء سے ماہِ مارچ میں جاں بحق ہوئے۔

مارچ کے مہینے میں کراچی کے ضلع غربی میں 11 اور ضلع کورنگی میں 7 افراد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے۔

کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں 10 سرکاری اسکول بند کر دیئے گئے۔

محکمۂ صحت سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 3 ہزار 710 افراد انتقال کر چکے ہیں،ان انتقال کرنے والوں میں 69 فیصد مرد اور 31 فیصد خواتین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 65 ہزار 917 ہو چکی ہے، جبکہ کُل اموات 4 ہزار 504 ہو چکی ہیں۔

ادھر پاکستان کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 234 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 83 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 1 ہزار 931 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح بڑھ کر 10 اعشاریہ 43 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار 613 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 78 ہزار 165 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 50 ہزار 170 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 2 لاکھ 97 ہزار 544 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 56 ہزار 347 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 384 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 7 ہزار 205 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.