کراچی میں درخشاں تھانے کی حدود میں گھر میں گولی لگنے سے عورت کی موت کی تحقیقات میں پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ایس پی کلفٹن احمد چوہدری کا بتانا ہے کہ عورت کو اتفاقیہ گولی نہیں لگی، اسے اسکے بھائی نے قتل کیا۔ ملزم نے معاملے کو اتفاقیہ گولی چلنے کا واقعہ قرار دینے کی کوشش کی تھی۔
ایس پی کلفٹن کے مطابق ملزم نے بہن کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا اور اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
کراچی میں ڈیفنس فیز 6 خیابان ہلال میں گھر میں بھائی نے بہن کو غیرت کے نام پر 2 گولیاں مار کر قتل کردیا۔
ملزم نے پولیس کو گمراہ کرتے ہوئے کہا کہ پستول صاف کرتے ہوئے اتفاقیہ طور پر چل گئی اور اس کی بہن گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔
ایس پی کلفٹن احمد چوہدری کے مطابق ڈیفنس فیز 6 خیابان ہلال میں ملزم حکیم خان اپنی بہن صفیہ کو مردہ حالت میں جناح اسپتال لایا۔
ملزم نے کہا کہ اسکی بہن صفیہ کو پستول صاف کرتے ہوئے اتفاقیہ گولی لگی۔
تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو گولی پستول صاف کرتے ہوئے اتفاقیہ طور پر نہیں لگی بلکہ مقتولہ کے بھائی نے اسے غیرت کے نام پر قتل کیا۔
حکام کے مطابق قتل کے بعد لاش کو پولیس کو اطلاع دیے بغیر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے ملزم کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو ملزم نے اپنی بہن کو 2 گولیاں مار کر قتل کرنے کا اعتراف کیا۔
ملزم کو قتل کی واردات میں استعمال ہونے والے اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔
Comments are closed.