بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی ضمنی انتخاب: PTI ،PPP ،TLP کارکنوں میں کشیدگی

کراچی کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 ملیر میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں جاری پولنگ کے دوران ملیر اولڈ تھانو میں واقع پولنگ اسٹیشن میں کشیدگی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر پاکستان تحریکِ انصاف، (پی ٹی آئی) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کارکنوں کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری افسران پی پی پی امیدوار کے پولنگ ایجنٹ بنے ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے تحریکِ انصاف کی مقامی رہنما سرینا عدنان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ اولڈ تھانو یوسی 13 میں بے ایمانی ہو رہی ہے، بیلٹ باکس میں جعلی ووٹ بھرے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کارکنوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی پولنگ رکوانا چاہتی ہے۔

کراچی کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 ملیر میں آج ضمنی انتخابات ہے جس کے سلسلے میں پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔

کشیدگی کے باعث ملیر 15 کے روڈ پر ٹریفک جام ہو گیا ہے، پولیس کی مزید نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

ملیر کے اولڈ تھانو پولنگ اسٹیشن میں کشیدگی کے باوجود پولنگ جاری ہے اور ووٹرز کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشن میں موجود ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 88 ملیر میں آج ضمنی انتخاب کے سلسلے میں صبح 8 بجے سے پولنگ ہو رہی ہے، پولنگ کا یہ عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 88 ملیر 2 پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال سے خالی ہوئی تھی جس پر آج ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں، پیپلز پارٹی اپنی نشست کا دفاع کر رہی ہے۔

اس صوبائی حلقے کا نمبر 88 ہے اور اس میں عوام کی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار 557 ہے جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 45 ہزار 627 ہے۔

ان رجسٹرڈ ووٹوں میں مرد حضرات کے 81 ہزار 425 ووٹس ہیں جبکہ خواتین کے 64 ہزار 102 ووٹ ہیں۔

ضلع ملیر سے گزشتہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار غلام مرتضیٰ بلوچ منتخب ہوئے تھے، دوسرے نمبر پر پاکستان تحریکِ انصاف کے رضوان خان، تیسرے پر تحریک لبیک پاکستان کے رضوان احمد اور چوتھے نمبر پر ایم کیو ایم کے سید ابوالحسن رہےتھے۔

اس بار بھی مقابلہ انہی 4 پارٹیوں کے درمیان ہے مگر امیدوار اس بار مختلف ہیں۔

پیپلز پارٹی کی جناب سے مرتضیٰ بلوچ کے صاحبزادے یوسف مرتضیٰ بلوچ، پی ٹی آئی سے جان شیر خان جونیجو اور ایم کیو ایم کی طرف سے سابق رکنِ قومی اسمبلی ساجد احمد مدِ مقابل ہوں گے۔

سیاسی داؤ پیچ، تقاریب اور ووٹ مانگنے کا وقت گزشتہ روز ختم ہو جانے کے ساتھ ہی ڈپٹی کمشنر ملیر کے دفتر سے پولنگ میٹریل جاری ہوا تھا۔

حلقے میں108 پولنگ اسٹیشن اور 410 پولنگ بوتھس بنائے گئے ہیں، پی ایس 88 میں 33 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 36 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.