پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے اور ان کی گرفتاری کے لیے کوششوں کے خلاف ان کی جماعت کے کارکنان نے کراچی میں احتجاج شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق 60 سے 70 گاڑیوں کا قافلہ کارساز کی طرف سے شارع فیصل پر صدر کی طرف جاتے ہوئے نرسری کے مقام پر رک گیا، اور اسی مقام کے قریب پاکستان تحریک انصاف کا دفتر بھی ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ احتجاجی کارکنان کی وجہ سے شاہ فیصل کے ایئرپورٹ سے صدر جانے والے ٹریک پر گاڑیوں کی آمدورفت محدود ہوگئی، ٹریفک اور ڈسٹرکٹ پولیس موقع پر موجود ہے۔
پولیس کے مطابق شارع فیصل کے اس ٹریک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
ٹریفک پولیس ہیلپ لائن کے مطابق احتجاج کب تک جاری رہتا ہے اس بارے میں کچھ معلومات نہیں تاہم شہریوں کو متبادل راستوں کی طرف گامزن کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.