بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

کراچی سمیت صوبۂ سندھ اور ملک کے دیگر شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کی وجہ سے اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نیشنل گرڈ میں خلل پیدا ہونے کی وجے سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہو گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نیشنل گرڈ میں خلل پیدا ہونے سے 6 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں کینپ نیو کلیئر پلانٹ کی بجلی بھی سسٹم سے نکل گئی ہے، بجلی بحال کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بریک ڈاؤن کی وجہ سے ملتان اور بہاولنگر سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں راشد منہاس روڈ، گلشنِ جمال، ڈالمیا روڈ، گلستانِ جوہر،گلشنِ اقبال، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی، پی ای سی ایچ سوسائٹی، لیاقت آباد سی ون ایریا، فیڈرل بی ایریا بلاک 13، 12، 11، نارتھ کراچی، یوپی موڑ، ناگن چورنگی، بفر زون، ناظم آباد بلاک 4 اور 3، کھارادر، لیاری، اولڈ سٹی ایریا، ملیر ہالٹ اور رفاعِ عام میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سٹی کورٹس اور احتساب عدالتوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

کے الیکٹرک کےترجمان کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر بجلی بند ہونے کی اطلاعات ہیں، بجلی کی معطلی کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

بجلی کے بریک ڈاؤن پر وزارتِ توانائی کا بیان سامنے آ گیا جس میں اس بریک ڈاؤن کی وجوہات بتائی گئی ہیں۔

وزارتِ توانائی نے جاری کیے گئے اعلامیے کے ذریعے بتایا ہے کہ مُلک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی ہوئی ہے۔

اعلامیے میں وزارتِ توانائی کا کہنا ہے کہ اس حادثاتی خرابی کے باعث متعدد جنوبی پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرِپ ہو رہے ہیں۔

بجلی کے بریک ڈاؤن پر وزارتِ توانائی کا بیان سامنے آ گیا جس میں اس بریک ڈاؤن کی وجوہات بتائی گئی ہیں۔

وزارتِ توانائی کے اعلامیے کے مطابق پاور پلانٹس ٹرپ ہونے سے مُلک کے جنوبی حصے میں بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ آ رہی ہے۔

اعلامیے میں وزارتِ توانائی نے مزید بتایا ہے کہ وزارتِ توانائی پوری تندہی سے خرابی کی وجہ کی تفتیش کر رہی ہے۔

وزارتِ توانائی کی جانب سے اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جلد از جلد بجلی کے نظام کو مکمل بحال کر لیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.