کراچی میں ایک دن میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 30 فیصد بڑھ گئی، ملک کے دیگر شہروں میں بھی ڈینگی کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔
شہر قائد کے نجی اور سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے مختص جگہ ختم ہونے لگی ہے۔
کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 30 فیصد بڑھی ہے، جبکہ اسلام آباد میں مزید 75 افراد ڈینگی میں مبتلا ہوگئے۔
ڈی ایچ او زعیم ضیاء نے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد 943 ہوگئی ہے۔
زعیم ضیاء کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران دیہی علاقوں میں مزید 48 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے، اسلام آباد کے علاقے ترلائی ،سوہاں ،روات میں ڈینگی سے سب زیادہ متاثرین موجود ہیں۔
پنجاب سے ڈینگی کے مزید221 مریض سامنے آئے ہیں، لاہور سے98 اور راولپنڈی سے 79 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سیکرٹری صحت کے مطابق گوجرانولہ سے 17، فیصل آباد، اٹک، ڈیرہ غازی خان، رحیم یارخان سے دو دوکیسز رپورٹ ہوئے جبکہ حافظ آباد، لودھراں، میانوالی، راجن پور، بہاولنگر، گجرات، ساہیوال سے ڈینگی کا ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔
رواں سال پنجاب میں ڈینگی کے 2766 مریض رپورٹ ہوچکےہیں۔
Comments are closed.