کراچی کے علاقے کورنگی میں سستا آٹا فروخت کرنے والے ٹرک کو لوٹنے والے دو ڈاکو اسسٹنٹ کمشنر کے گن مین کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں اسسٹنٹ کمشنر لانڈھی کے گن مین نے اسٹریٹ کرائم کی واردات ناکام بنادی، گن مین کی فائرنگ سے دو ڈاکو مارے گئے جبکہ دو فرار ہوگئے، فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
عوامی کالونی پولیس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر لانڈھی مونس احمد کے دفتر کے گیٹ کے سامنے ایک سستا آٹا فروخت کرنے والا ٹرک موجود تھا جہاں چار ڈاکوؤں نے ٹرک پر چڑھ کر لوٹ مار کرنے کی کوشش کی تو دفتر میں موجود گن مین نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا، دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
زخمی ڈاکو کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ بھی دم توڑ گیا، ہلاک ہونے والے ایک ملزم کی شناخت سعید احمد کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، خنجر اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
Comments are closed.