کراچی میں 5 سال سے قید 20 بھارتی ماہی گیروں کو حکومتِ پاکستان نے جذبۂ خیر سگالی کے تحت آج صبح ملیر جیل سے رہا کر کے لاہور روانہ کر دیا ہے، جنہیں پیر کی دوپہر واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
کراچی میں نیشنل ہائی وے پر واقع ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی کے سپرنٹنڈنٹ محمد ارشد کے مطابق 20 بھارتی ماہی گیروں کو کورٹ پولیس اور ایدھی فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے مطابق 20 ماہی گیروں کو لاہور کے واہگہ بارڈر تک پہنچانے کے تمام سفری اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن ادا کر رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے ماہی گیروں کو خصوصی بس کے ذریعے لاہور روانہ کر دیا گیا ہے۔
جیل پولیس کی ٹیم بھی بس میں ماہی گیروں کے ساتھ جائے گی جو دیگر انتظامات کرے گی۔
حسبِ سابق ماہی گیروں کے سفری اخراجات کے علاوہ انہیں اخراجات کے لیے رقم اور کچھ تحائف بھی دیے گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ان ماہی گیروں کو جون 2018ء میں پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر گھسنے اور بلا اجازت ماہی گیری کرنے کے الزام میں سرکاری اداروں نے گرفتار کیا تھا۔
رہائی پانے والے ماہی گیروں میں کانجی، مانو، دانا، جیوا، رمیش، دنیش، دیوسی، میرو، نارائن، بھانرا، لال جی، نان جی، ابو، یونس، نثار، عقیل، امین، دینیش، فرید اور انیس شامل ہیں۔
Comments are closed.