بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: ذوالفقار مرزا بدین تھانے پر حملے کے کیس میں بری

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کو بدین تھانے پر حملے کے کیس میں بری کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کراچی میں بدین تھانے پر حملے کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ذوالفقار مرزا کے ساتھ شریک ملزمان کو بھی بری کردیا ہے۔

مقدمے کے شریک ملزمان میں میر عبداللّٰہ تالپور، مختیار ملک اختر، غلام محمد عرف دلبر، ریاض، اشرف فدا حسین، خدا بخش، عبدالقادر، نواز علی سمیت 54 ملزمان شامل تھے۔

فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا جو آج سنایا گیا۔

وکیل ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ پولیس نے سیاسی دباؤ پر میرے موکل اور دیگر افراد کے خلاف کیس بنایا، کیس میں نامزد کافی افراد ایسے ہیں جو اس وقت بدین میں نہیں تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان پر دہشت گردی، جلاؤ گھیراؤ اور دیگر الزامات ہیں، ذوالفقار مرزا اور دیگر کے خلاف بدین کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں، جن میں سے تین مقدمات 2015ء میں درج کیے گئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.