کراچی میں عید قرباں کے لیے جانوروں کی خریداری تو زیادہ تر شہریوں نے کرلی ہے، جانوروں کو خوبصورتی سے سجانے کے لیے سجاوٹی اشیا کے اسٹالز بھی سج گئے ہیں۔
سنت ابراہیمی کراچی کے بیشتر شہریوں نے حسب توفیق جانور خرید لیے ہیں اور اب شہری اپنے جانوروں کو خوبصورتی سے سجانے میں مصروف ہیں۔
شہر کے مختلف مقامات پر جانوروں کی سجاوٹی اشیا کے اسٹالز بھی سج گئے ہیں، جہاں ماتھا پٹی، جھومر کا ہار اور چھن چھن کرتی پائل بھی موجود ہے۔
دوسری جانب عیدقرباں جیسے جیسے قریب آتی جارہی ہے جانوروں کے چارے کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں بھی دگنا اضافہ کردیا گیاہے۔
مارکیٹ میں توری 400 روپے کا بنڈل، کُتر 20 روپے کلو میں دستیاب ہے جبکہ بھوسی 60 روپے کلو، چھلکا، 80 روپے کلو میں بیچا جارہا ہے۔
بھوسا 40 روپے کلو اور لوسن 15 روپے گڈی فروخت کی جارہی ہے، گزشتہ ہفتے یہ تمام چارہ موجودہ قیمتوں سے آدھی قیمت پر دستیاب تھا۔
اور تو اور جانوروں کی قربانی کے لیے چھری اور بغدے سمیت دیگر اشیا کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔
بڑی چھری 1200، چھوٹی چھری 250 بغدہ 1100، مڈی 400، چٹائی بڑی 400، چھوٹی 250 جبکہ ٹوکرہ 170 جبکہ کوئلہ 60 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 روز میں قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
Comments are closed.