کراچی کے آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے سے چوری ہونے والی کروڑوں روپے کی رقم کے باقی رہ جانے والے 25 لاکھ روپے بھی پولیس نے برآمد کر لیے۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والی مکمل رقم برآمد کر کے سیل کر دی گئی ہے۔
آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے سے رقم چوری ہونے کی خبر سب سے پہلے ’جیو نیوز‘ نے نشر کی تھی۔
خبر پر ڈی آئی جی ساؤتھ نے نوٹس لیا اور 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی تھی۔
کمیٹی کے سربراہ ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ایک اور کامیاب کارروائی میں مکمل رقم برآمد کرلی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2 کروڑ 7 لاکھ 75 ہزار روپے چوری ہوئی تھے، مختلف کارروائیوں میں رقم برآمد کی گئی تھی جس میں 25 لاکھ روپے کم تھے۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز گرفتار پولیس اہلکار شہباز کی خالہ کے گارڈن کے علاقے میں واقع گھر سے 25 لاکھ روپے بھی برآمد کر لیے گئے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کو ہونے والی اس واردات میں تھانے کے عملے سمیت 3 افراد ملوث تھے جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی درج ہے۔
Comments are closed.