بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: اسپتالوں کے ڈینگی وارڈز میں جگہ ختم

کراچی میں ڈینگی کی وبا کے کاری وار جاری ہیں، شہر کے بڑے اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے بیڈ کم پڑ گئے، نجی اور سرکاری اسپتالوں میں جگہ نہ ہونے پر مریضوں کو واپس بھیجا جانے لگا۔

ڈینگی مریضوں کی بڑی تعداد گھروں پر زیرِ علاج ہے، شہر میں 24 گھنٹے میں مزید 161 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق ڈینگی کے سب سے زیادہ 48 مریض ضلع وسطی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزیرِ صحت نے کراچی میں ڈینگی سے اب تک 9 اموات کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر سو سے ڈیڑھ سو کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسپتالوں کی گنجائش 15 سے 20 فیصد رہ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہرِ قائد کی 246 یونین کونسل کے لیے مجموعی طور پر 60 اسپرے گاڑیاں موجود ہیں جن میں سے 30 گاڑیاں 3 سال سےخراب کھڑی ہیں اور صرف 30 گاڑیوں سے اسپرے کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں اسپرے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کر رہا ہے، جبکہ مچھروں اور وبائی امراض سے بچاؤ کی ذمہ داری کے ایم سی کی ہے۔

کراچی میں اسپرے کرنے کے لیے 60 افراد پر مشتمل اسٹاف موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپرے کرنے والی فی گاڑی کو 15 لیٹر پیٹرول، 40 لیٹر ڈیزل کے ساتھ ایک لیٹر ڈیلٹا میتھرین دوائی دی جاتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.