کراچی میں احتجاج کرنے والی ایک لیڈی ہیلتھ ورکر کو گاڑی نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئی، جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز نے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کر دیا۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز نے آج کراچی میں پی آئی ڈی سی سگنل کے قریب اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے دھرنا دیا، اس دوران ایک لیڈی ہیلتھ ورکر کو ایک گاڑی نے ٹکر مار دی جس سے وہ زخمی ہو گئی۔
زخمی لیڈی ہیلتھ ورکر کو طبی امداد کے لیے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کامیاب مذاکرات کے بعد کراچی کی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے دھرنا ختم کر دیا جس کے بعد سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی گئی۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز کی صدر بشریٰ آرائیں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی جی لیڈی ہیلتھ ورکرز سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی جی کے مطابق 45 دن کے اندر سروس اسٹرکچر اور بیسک ڈیزائن واپس کر رہے ہیں۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز کی صدر بشریٰ آرائیں نے دھمکی دی کہ اگر 45 دن میں مطالبات پورے نہیں کیئے گئے تو پورا سندھ بلاک کر دیں گے۔
Comments are closed.