کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ایک پیزا شاپ میں سلنڈر کے دھماکے کے نتیجے میں راہگیر خاتون اور اس کے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق یہ واقعہ گلستان جوہر تھانے کی حدود میں گراؤنڈ گارڈن اپارٹمنٹ کی دکانوں میں بنی ایک پیزا شاپ میں ہوا، پولیس کے مطابق دھماکے کے وقت دکان بند تھی۔
چھیپا ویلفیئر کے ترجمان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوئے، زخمیوں کو گلستان جوہر کے قریب ہی واقع نجی اسپتال پہنچایا گیا جبکہ لاشیں جناح اسپتال منتقل کر دی گئیں ہیں۔
جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق 32 سالہ فابیہ علی، اس کی 4 سالہ بچی فاطمہ علی اور دوسالہ بیٹے عبداللّٰہ علی کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کی گئیں ہیں۔
اس واقعے کے دو زخمیوں برہان اور وقار کو بھی جناح اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی نے ابتدائی طور پر دھماکے میں دہشت گردی کے عنصر کی نفی کی ہے، انہوں نے بتایا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا تھا جس نے معائنے کے بعد دھماکے کو حادثہ قرار دیا ہے۔
Comments are closed.