ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

کراچی، ماڈل تھانے میں تعینات پولیس اہلکار اسلحہ اسمگلر نکلا

کراچی کے ایک ماڈل تھانے میں تعینات پولیس اہلکار خیبر پختونخواہ سے اسلحہ کی کھیپ کراچی اسمگل کرکے فروخت کرنے کی بڑی کارروائی میں ملوث نکلا ہے جسے گرفتار کر کے شہر میں فروخت کیے گئے بیشتر پشتول برآمد کر لیے گئے ہیں۔ 

صدر پولیس کے مطابق کیماڑی کی اشفاق کالونی کے رہائشی نوجوان محمد عباس کو گزشتہ ہفتے رفیقی شہید روڈ پر لکی اسٹار چوک سے مشتبہ دیکھ کر چیک کیا گیا، اس کی تلاشی کے دوران بغیر نمبر کا ایک 30 بور پستول برآمد ہوا، دریافت کرنے پر ملزم اسلحہ کا لائسنس پیش نہیں کرسکا جس پر اسے گرفتار کرلیا گیا۔ 

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے موبائل فون، موٹر سائیکل، نقدی اور دیگر سامان بھی ملا تھا، پولیس نے مقدمہ نمبر 168/21 درج کر کے اسے شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا ہے۔ 

پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ یکم دسمبر 2016 کو پولیس میں بھرتی ہوا، ملزم کے مطابق وہ دو سال سے کراچی ساؤتھ کے ماڈل پولیس اسٹیشن کلفٹن میں تعینات ہے اور زیادہ اپنے رہائشی علاقے شیریں جناح کالونی پولیس چوکی میں ہی ڈیوٹی کرتا رہا ہے۔ 

ملزم کے مطابق اس کے والدین پہلے کراچی میں رہتے تھے جو کہ اب آبائی گاؤں نوشہرہ میں قیام پذیر ہیں، ملزم کے بیان کے مطابق دسمبر 2020 میں وہ ایک شادی میں شرکت کے لیے اپنے آبائی شہر گیا تھا جہاں سے واپسی پر 5 پستول خرید کر کراچی لایا تھا۔ 

طریقہ کار کے مطابق ملزم نے 2 پستول کا اپنے اور کلفٹن کے رہائشی اپنے دوست فیصل کے اسلحہ لائسنس پر اندراج کرایا جبکہ دیگر پستول غیرقانونی طور پر کراچی پہنچانے میں کامیاب ہوا۔ 

ملزم کے مطابق ایک پستول اس نے رضوان نامی شخص کو دیا جو شیریں جناح کالونی میں میڈیکل اسٹور چلاتا ہے، ملزم کے مطابق 2 پستول نارتھ ناظم آباد میں کٹی پہاڑی کی ایف بی آر کالونی کے رہائشی لقمان کو دیئے۔ 

ملزم کا بتانا ہے کہ ایک پستول اس کے پاس موجود تھا جو وہ لقمان کو ڈیلیور کرنے کے لیے لکی اسٹار پہنچا تھا کہ پولیس نے کارروائی کرکے گرفتار کرلیا۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کر کے 2 پستول برآمد کرلیے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.