کراچی: کالا بلدیاتی قانون کے خلاف شدید بارش ٗ سخت سرد موسم اور 6دن گزرنے کے باوجود جماعت اسلامی کے کارکنان دھرنے میں موجود ہیں۔
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شدید بارش کے باوجود ہزاروں کارکنان دھرنے میں شریک ہیں اور جدوجہد جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں،جماعت اسلامی اپنے لیے نہیں بلکہ کراچی کے عوام کے لیے آج بارش کے دوران بھی سڑکوں پر موجود ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ کراچی ہر زبان بولنے والوں کا شہر ہے اور ہماری تحریک کراچی کے ہر شہری کے لیے ہے،پیپلزپارٹی کو اگر کراچی کے عوام کا خیال ہے تو یہ فوری طور پر کالا قانون واپس لے، آج ہم ہزاروں کارکنوں اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ میں کارکنوں سے سوال کرتا ہوں کہ دھرنا ختم کردیا جائے تو تمام ہی کارکنان نے جواب دیا کہ کالا قانون واپس لینے تک دھرنے کسی صورت ختم نہیں کریں گے۔ سراج الحق کل دھرنے میں شرکت اور خطاب کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمن کی دھرنے کے بیمار اور بزرگ شرکاء کو دھرنے سے جانے کی اجازت کے باوجود تمام شرکاء پوری رات سڑک پر بیٹھے رہے۔
امیر جماعت نے کہا کہ ہم میدان عمل میں موجود ہیں اور کسی قیمت پر بھی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔کالے بلدیاتی قانون کے خلاف ہم جدوجہد جاری رکھیں گے ہم کراچی کے عوام اور ان کے بچوں کے مستقبل کے لیے سڑکوں پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کے ہر شعبے کو تباہ و برباد کردیا۔49ہزار اسکولوں کو تباہ کردیا،اگر صوبائی وزراء اپنے بچوں کو ان اسکولوں میں تعلیم دلائیں تو ہم سمجھیں گے کہ اب ان کو عوام کے مسائل اور مشکلات کا علم ہے۔ہم حقیقی اپوزیشن ہیں،ہم ایم کیو ایم کی طرح نورا کشتی نہیں کرتے، ہم عصبیت اور لسانیت کے خلاف جدوجہد کی ہے،قربانیاں دیں ہیں اور نوجوانوں کی لاشیں اٹھائی ہیں۔
Comments are closed.