حالیہ تحقیق کے مطابق فربہ جسم اور ذیابیطس ٹائپ ٹو کے حامل افراد اگر کافی کا استعمال بڑھا دیں تو نا صرف ان کا وزن کم ہوسکتا ہے بلکہ وہ جگر پر چربی کے حملے سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق جگر پر چربی بڑھنے کی متعدد وجوہات ہیں، جس میں عام سبب شراب و سگریٹ نوشی بھی ہے، تاہم غذائی عادتوں کے علاوہ موٹاپا بھی جگر پر چربی کی بڑی وجہ ہے۔
جگر پر موٹاپے اور غذائی عادتوں کے باعث ہونے والی چربی کو ’’نان الکحلک فیٹی لوور ڈیزیز‘‘ (این اے ایف ایل ڈی) کہا جاتا ہے ۔
جگر پر چربی بڑھنا ایک عام بیماری ہے، جس کا طبی ماہرین مختلف طریقوں سے علاج کرتے ہیں اور اس کے لیے ماہرین بہت ساری غذائیں کھانے سے بھی روکتے ہیں۔
جگر پر چربی کو کم کرنے کے حوالے سے حال ہی میں پرتگالی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ زیادہ کافی پینے سے اسے کم کیا جا سکتا ہے۔
طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق پرتگالی ماہرین نے کافی کے جگر کی چربی پر پڑنے والے اثرات کیلئے156افراد پر تحقیق کی۔
تحقیق میں شامل تمام رضاکار ادھیڑ عمر کے تھے جو نہ صرف زائد الوزن تھے بلکہ ان میں 98 رضاکار ایسے بھی تھے جنہیں ذیابیطس ٹائپ ٹو بھی لاحق تھا۔
Comments are closed.