بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کارگو فلائٹ میں فنی خرابی، ایک گھنٹے تک لندن پر نچلی پرواز

لندن سے اٹلانٹا کیلئے روانہ ہونے والی کارگو فلائٹ کو اڑتے ہی ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے جہاز کو ایک گھنٹے تک لندن کے اوپر نچلی پرواز میں چکر کاٹنا پڑے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق برطانیہ کی کارگو لاجک ایئر کی پرواز پی 35130 نے اپنے ہیڈکوارٹر لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے مقامی وقت کے مطابق شام تین بجکر 33 منٹ پر اٹلانٹا کیلئے ٹیک آف کیا۔

اڑان بھرنے کے فوری بعد ہی جہاز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرنے پر پائلٹ کو ہیتھرو ایئر پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ پائلٹ کو لگ بھگ 33 منٹ تک لندن کے علاقے ملٹن کینس کے اوپر ہی چکر کاٹنا پڑے، ہنگامی صورت حال میں یہ پرواز لگ بھگ نو ہزار فٹ کی بلندی پر تھی۔

بعد ازاں اس پرواز کا رخ لندن کے جنوب میں سمندر کی طرف کر دیا گیا، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لندن شہر کے ساتھ ہی سمندر پر مزید 40 منٹ تک پرواز کرتے ہوئے اس پرواز نے 9 ہزار فٹ کی بلندی پر لگ بھگ 8 چکر لگائے۔ ایوی ایشن ماہرین کے مطابق پائلٹ نے اس دوران جہاز کا اضافی فیول گرایا۔

 کنٹرول ٹاور کی ہدایت ملنے پر پائلٹ نے جہاز کا رُخ جرمنی کی طرف موڑ دیا اور یوں یہ طیارہ ٹیک آف کے تین گھنٹے 4 منٹ بعد جرمنی کے فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر اترنے میں کامیاب ہوگیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جی بی ایل سی اے رجسٹریشن کا یہ بوئنگ 747 جہاز 17 سال پرانا ہے جس نے مارچ 2004 میں پہلی اڑان بھری تھی، اس کارگو فلائٹ میں پیدا ہونے والی ٹیکنیکل خرابی کے بارے میں معلومات سامنے نہیں آسکیں جو آخری اطلاعات ملنے تک جرمنی کے فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر کھڑی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.