بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ڈینٹل کلینک میں دہشتگردی کا ملزم کیسے گرفتار ہوا؟ شرجیل میمن نے بتا دیا

وزیرِ اطلاعات سندھ اور رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں کے مشترکہ آپریشن میں صدر کے ڈینٹل کلینک میں دہشت گردی کے واقعے کے گرفتار ملزم کو شواہد کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے جس نے اعتراف بھی کیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صدر کراچی میں واقع ڈینٹل کلینک میں دہری شہریت کے حامل شخص کو قتل کیا گیا تھا جبکہ میاں بیوی زخمی ہوئے تھے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

کراچی کے علاقے صدر میں 28 ستمبر کو دانتوں کے کلینک پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث اہم ملزم کو سیکیورٹی اداروں نے گرفتار کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ لگ بھگ 100 سے زائد کیمروں کی مدد لی گئی، گرفتار ملزم وقار خشک کو واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا۔

وزیرِ اطلاعات سندھ نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا تعلق سندھ ریولوشنری آرمی سے ہے، ملزم دہشت گرد اصغر خاصخیلی اور شفیق سے ملزم رابطے میں تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ ان دونوں دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہے، پاکستان کو آسان ٹارگٹ سمجھ کر وارداتیں کرنے والوں کے لیے یہ گرفتاری بڑا پیغام ہے۔

شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے، مقتول ڈاکٹر سے ان لوگوں کی کوئی دشمنی نہیں تھی۔

وزیرِ اطلاعات سندھ اور رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا یہ بھی کہنا ہے کہ صرف دہشت گردی پھیلانے کے لیے یہ حملہ کیا گیا تھا، جس کے ذریعے شہر میں خوف پھیلانا ان کا مقصد تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.