بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بھارت کی بولنگ میں پاکستان جیسا امپیکٹ نہیں، عاقب جاوید

سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ مکمل فٹ ہو رہے ہیں تو ان جیسے بولر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کسی اور کے پاس نہیں ہیں، بھارت کے پاس امپیکٹ والے بولرز نہیں ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ شاہین آفریدی کے ساتھ نیا گیند کرنے والے کی کمی تھی، اب نسیم شاہ ہیں تو نیا گیند شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو کرنا چاہیے، اس سے نسیم شاہ کو بھی فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی جیسا بولر کبھی کبھی پیدا ہوتا ہے، ان کا فٹ ہونا اچھی بات ہے، ورلڈ کپ نہ کھیلنے کا مشورہ اس وقت دیا تھا جب شاہین آفریدی کی انجری چل رہی تھی، فاسٹ بولر گھٹنے کی انجری کے بعد اگر 90 فیصد فٹ ہو اور 10 فیصد بھی شک ہو تو وہ بولنگ نہیں کر سکتا، شاہین آفریدی اور ان کے ڈاکٹر کو پتہ ہے کہ اب رسک ہے یا نہیں، میں تو کہوں گا رسک نہیں لینا چاہیے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں جیت کے بعد ٹیم کا اعتماد بحال ہوگا خاص طور پر مڈل آرڈر میں اعتماد آئے گا، جسے بہت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا کوئی نہیں کہہ رہا تھا کہ یہ ٹیم نیوزی لینڈ میں نیوزی لینڈ کو ہرائے گی لیکن ایسا ہوا جس کا فائدہ ہوگا اور اب جیت کے بعد ہر کوئی تعریف بھی کرے گا تنقید تب ہوتی ہے جب ٹیم ہارتی ہے، نیوزی لینڈ میں حارث رؤف نے غیر معمولی بیٹنگ کی ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ بھارت کی ٹیم اس وقت کچھ نہیں، بولنگ خاص نہیں بیٹنگ بھی مشکل میں دکھائی دے رہی ہے جسپریت بمراہ کے بغیر بھارت کی بولنگ کا امپیکٹ نہیں ہے، ان کی بولنگ میں شاہین آفریدی اور حارث رؤف جیسا امپیکٹ نہیں ہے جو کہ بہت ضروری ہوتا ہے، ان کی بولنگ اب عام میڈیم پیس ہے، صرف ہاردیک پانڈیا ایسا کھلاڑی ہے جو کسی بھی وقت گیم تبدیل کر سکتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.