ہفتہ یکم جمادی اوّل 1444ھ 26؍نومبر2022ء

ڈیفنس میں پولیس اہلکار کا قتل: مزید حقائق سامنے آگئے

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکار کے قتل کیس میں اب تک کی تحقیقات میں مزید حقائق سامنے آگئے۔

پولیس اہلکار کے قتل کے تفتیش کاروں نے مقدمہ سی ٹی ڈی کو ٹرانسفر کرنے کی درخواست کردی۔

ملزم کے بیان کے مطابق پولیس اہلکار نے گاڑی میں بیٹھ کر اسے تھانے لے جانے کی بجائے کہیں اور چلنے کا کہا جس پر اسے اس کے پولیس اہلکار نہ ہونے کا شک ہوا۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم خرم پہلے اپنے گھر اور پھر کلفٹن بلاک 4 میں ریسٹورنٹ گیا، ملزم ریسٹورنٹ سے پھر ایک چائے خانے پر دوستوں کے پاس گیا، جہاں اس کی ملاقات اپنے دوستوں ارسلان اور فرید سے ہوئی۔

 حکام کا کہنا ہے کہ فرید اچکزئی ہی خرم نثار کو چھوڑنے ایئرپورٹ گیا، دونوں دوستوں کو پولیس نے شامل تفتیش کر لیا ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ خرم نثار نے اپنے اکاؤنٹ سے ہی غیر ملکی ایئرلائن کا ٹکٹ خریدا، ملزم کے اکاؤنٹ کی تفصیلات پولیس نے حاصل کر لی ہیں،  ملزم اپنے اکاؤنٹ سے بار بار رقم نکال رہا ہے، اکاؤنٹ فریز کرنے کیلئے غیر ملکی بینک کو خط لکھ دیا ہے۔

واضح رہے کہ 21 اور 22 نومبر کی درمیانی شب کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں 26 اسٹریٹ پر کار سوار ملزم خرم نثار نے فائرنگ کر کے شاہین فورس کے اہلکار عبدالرحمٰن کو قتل کر دیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.