ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف پرویز الہٰی کی درخواست کی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سماعت جاری ہے، عدالت نے پرویز الہٰی کی درخواست پر ابتدائی سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ معاملہ تشریح کا نہیں بلکہ صحیح انداز میں سمجھنے کا ہے، ڈپٹی اسپیکر، حمزہ شہباز، چیف سیکریٹری سے اہم معاونت کی توقع ہے۔
تحریری حکم میں بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کیس کی سماعت کے دوران موجود رہیں گے، ڈپٹی اسپیکر کی آبزرویشن سے ظاہر ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ کے 17 مئی کے فیصلے پر انحصار کیا گیا۔
عدالتی تحریری حکم میں کہا گیا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے یہ نہیں پتہ چلتا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے کس حصے پر انحصار کیا گیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت پارلیمانی پارٹی ہی اراکان کو ہدایات جاری کر سکتی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے مطابق پارٹی سربراہ ہدایت جاری کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حمزہ شہباز 3 ووٹوں کے فرق سے پنجاب کے وزیراعلیٰ برقرار رہے تھے۔
ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے نتیجے کا اعلان کرنے سے پہلے چوہدری شجاعت کا خط ایوان میں پڑھ کر سنایا، جس کی بنیاد پر مسلم لیگ (ق) کے کاسٹ کیے گئے تمام 10 ووٹ منسوخ کردیے تھے۔
یوں 10 ووٹ منسوخ ہونے کے بعد پرویز الہٰی کے ووٹوں کی تعداد 176 ہوگئی تھی جبکہ حمزہ شہباز کے ووٹوں کی تعداد 179 رہی۔
Comments are closed.