مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے این اے 75 میں آج ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے کہا ہے کہ ڈسکہ کے عوام آج نون لیگ کو جتوائیں گے۔
احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمی نے اپنے احکامات پر عمل نہ کرنے پر یوسف رضا گیلانی کو ہٹادیا تھا، یوسف رضا گیلانی کی مثال پر عثمان بزدار اور عمران نیازی کو برطرف کیا جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ عمران خان آپ مافیا سے نہیں لڑرہے بلکہ پاکستان سے لڑ رہے ہیں، آپ کی لڑائی پاکستان کی ترقی کے ساتھ ہے، عمران خان سی پیک سے لڑ رہے ہیں، آپ سب سے بڑے مافیا ہیں، آپ مافیا کے سردار ہیں۔
رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے 2026 تک دفاعی اور ترقیاتی بجٹ میں اضافہ نہیں ہوگا۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے فی یونٹ سے زیادہ کا اضافہ کیا جارہا ہے، لوگ اپنے اے سی اور پنکھے بند کرنے پر مجبور ہوں گے، جتنی آپ بجلی کے نرخ بڑھائیں گے اتنی ہی بجلی چوری میں اضافہ ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت تین سال سے پارٹ ٹائم وزیر خزانہ سے چل رہی ہے، پارٹ ٹائم وزیر خزانہ سے کام چلا رہے ہیں، آپ کے پاس ٹیم نہیں، آپ کو نہیں پتہ حکومت کیسی چلتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مخالفین اور اپنوں کے ساتھ انتقامی کارروائی کررہے ہیں، ملک کو ڈاکو اسٹیٹ بنا رہے ہیں، اس سے معیشت نہیں چلتی۔
اُن کا کہنا تھا کہ نالائقی کا مافیا عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ 25 مارچ کو سپریم کورٹ نے بلدیاتی اداروں کو بحال کیا تھا، دو ہفتے گزرنے کے باوجود عدلیہ کے حکم پر عمل نہیں کیا جارہا۔
Comments are closed.