وفاقی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری کی 4 سالہ مدت 28 مئی کو مکمل ہوجائے گی جس کے بعد مستقل چیئرمین کی تعیناتی تک کمیشن کے کسی رکن کو چارج دے دیا جائے گا، امکان ہے کہ وفاقی سیکریٹری تعلیم ناہید شاہ درانی یا کمیشن کے کسی سینئر رکن کو چیئرمین ایچ ای سی کے عہدے کا چارج مل جائے۔
ڈاکٹر طارق بنوری کو فارغ کرنے کے چکر میں چیئرمین ایچ ای سی کی مدت اب چار سال سے کم کر کے دو سال کی جاچکی ہے تاہم ڈاکٹر طارق بنوری عہدے سے فارغ تو ضرور ہوئے مگر 10 ماہ بعد عدالت عالیہ نے انہیں بحال بھی کردیا تھا جس کی وجہ سے وہ اپنی چار سالہ مدت پوری کرنے میں کامیاب رہے مگر 10 ماہ انہیں ایچ ای سی سے باہر رہنا پڑا۔
وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ور تربیت نے نئے چیئرمین ایچ ای سی کے لیے اتوار کو اشتہار بھی جاری کردیا ہے جس میں چیئرمین کی مدت دو سال مقرر کی گئی ہے جبکہ درخواست دینے کی آخری تاریخ 26 مئی مقرر کی گئی ہے یعنی صرف چار روز درخواست جمع کرانے کے لیے دیئے گئے ہیں۔
اشتہار میں کہا گیا ہے کہ امیدوار کے پاس پی ایچ ڈی کے ساتھ کم از کم 20 سال کا متعلقہ تجربہ ہونا چاہیے۔
اشتہار میں مذید کہا گیا ہے کہ ممکنہ امیدوار کو اعلیٰ تعلیم میں کئی سالوں کا تجربہ رکھنے والا بین الاقوامی شہرت کا حامل فرد ہونا چاہیے، ترجیحاً اعلیٰ تعلیمی اداروں کی تنظیموں/تھنک ٹینکس کے انتظام میں۔
اسے ماہرین تعلیم، تحقیق، انتظامیہ/انتظام، پالیسی سازی کے شعبے میں مہارت حاصل ہونی چاہیے، ممتاز جامعہ میں پڑھانے کا تجربہ اور ثابت شدہ قائدانہ صلاحیتوں کا حامل ہونا چاہیے۔
ایچ ای سی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے موزوں امیدوار کو خود سے چلنے والا، پرعزم اور انتہائی پیشہ ور شخص ہونا چاہیے۔
Comments are closed.