جمعرات 26؍جمادی الثانی 1444ھ19؍جنوری 2023ء

چیف سلیکٹر کیلئے مجھ سے رابطہ نہیں کیا گیا، انضمام الحق

سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم انضمام الحق نے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر کے لیے مجھ سے رابطہ نہیں کیا گیا، جب کوچ یا چیف سلیکٹر کی آفر ہوگی تو دیکھوں گا۔

انضمام الحق نے لاہور میں تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم پر پریشر نہیں ہے لیکن کپتانی وقت کے ساتھ ہی آتی ہے، انہیں مزید کپتانی کا موقع ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی پر پریشر ہو تو اس کی پرفارمنس متاثر ہوتی ہے، بابر اعظم کی تینوں فارمیٹ میں پرفارمنس بہترین ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ کھیلوں سے متعلق پاکستان کا مؤقف ہمیشہ مثبت رہا ہے، افغانستان ہو یا انڈیا، کرکٹ کھیلنی چاہیے۔

انضمام الحق نے کہا کہ فارن کوچ ہی پاکستانی ٹیم کا حل نہیں، پاکستانی کوچز بھی اچھے ہیں، میرے دور میں مکی آرتھر نے بہت اچھا کام کیا تھا، ہمارے کوچز ثقلین مشتاق اور محمد یوسف بھی اچھا کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فارن اور لوکل کی بات نہیں جو بھی کھیلا ہوا ہے کوچنگ کرسکتا ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ پشاور سمیت پورے پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد ہونا چاہیے، پی ایس ایل کے میچز پورے پاکستان میں ہوں گے تو انٹرنیشنل ٹیمیں مختلف وینیوز پر کھیلنے کے لیے رضامند ہوں گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.