چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات وقت پر کروانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے۔
سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا، جس میں کہا گیا کہ بلدیاتی انتخابات وقت پر کروانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کا مقررہ وقت پر انعقاد یقینی بنائیں گے، اس معاملے میں صوبائی حکومتوں اور دیگر متعلقہ حکام کا تعاون بہت ضروری ہے۔
اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب نے حلقہ بندیوں کے متعلق ضروری دستاویزات، نقشہ جات ابھی تک نہیں دیے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کو فوراً حلقہ بندی رولز اعلامیہ جاری کرنے کے لیے خط لکھا جائے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشترکہ مفادات کونسل 2017 کے مردم شماری کی منظوری دے چکی ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کو حلقہ بندیوں کے دستاویزات فراہم کرنے کو کہا جائے گا جبکہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزارت داخلہ کو لکھا جائے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کےحوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں۔
الیکشن کمیشن میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اگلا اجلاس 27 مئی کو طلب کیا گیا ہے جس میں تمام متعلقہ صوبائی سیکریٹریز کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اگلے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
Comments are closed.