بھارت میں چوہے کے چُنگل سے 5 لاکھ روپے مالیت کا سونا برآمد کرلیا گیا۔
ایک عجیب واقعہ ممبئی میں پیش آیا جہاں ایک گٹر میں چوہے سے 5 لاکھ روپے کی مالیت کا 10 تولہ سونا برآمد ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے بعد سونے کے زیورات برآمد کیے جس میں چوہے کو کوڑے کے ڈھیر سے سونے کا ایک تھیلا گٹر میں لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
پولیس کے مطابق سندری نامی خاتون اپنی بیٹی کی شادی کا قرض ادا کرنے کے لیے 10 تولہ سونے کے زیورات گروی رکھنے جارہی تھی۔ راستے میں، سندری نے زیورات کا تھیلا سڑک پر ایک بچے کے حوالے کر دیا۔
خاتون کو لگا کہ اُس نے بچے کو کھانے کی اشیاء والا تھیلا دیا لیکن غلطی سے خاتون نے سونے کے زیورات والا تھیلا بچے کو دے دیا تھا۔
بینک پہنچ کر اسے معلوم ہوا کہ اس نے غلط بیگ بچے کے حوالے کر دیا ہے، وہ فوراََ اُسی جگہ پر آئی۔ تاہم بچہ وہاں موجود نہیں تھا، خاتون نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔
خاتون کی اطلاع پر پولیس نے فوری طور پر معاملے کی جانچ شروع کی اور جب پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو اسکین کیا تو معلوم ہوا کہ بچے نے وہ تھیلا کوڑے کے ڈھیر میں پھینک دیا تھا۔
جب پولیس نے اس کچرے کے ڈھیر کے قریب نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ پولیس جس بیگ کی تلاش کر رہی تھی وہ چوہے کے قبضے میں تھا۔
پولیس نے چوہے کا پیچھا کیا لیکن وہ قریبی گٹر میں کود گیا، پولس کو آخر کار وہ تھیلا مل گیا جس میں سونے کے زیورات تھے۔
Comments are closed.