پاکستان مسلم لیگ (ق) یورپ کے چیف آرگنائزر سید خرم شاہ نے کہا ہے کہ چوہدری ظہور الہٰی پیلس کا رات کی تاریکی میں تقدس پامال کرنے پر شدید دکھ پہنچا۔
پاکستان مسلم لیگ (ق) یورپ کے چیف آرگنائزر سید خرم شاہ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی چوہدری شجاعت حسین کے گھر پر رات کی تاریکی میں پولیس چھاپے کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔
یورپ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت سید خرم شاہ، جن کے چوہدری برادران خاندان سے دیرانہ تعلقات ہیں، نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وہ سمجھتے ہیں کہ ظہور الہٰی شہید پیلس جو چوہدری برادران کی مشترکہ رہائش گاہ ہے جہاں ہمارے قائد چوہدری شجاعت حسین اپنی فیملی کے ہمراہ موجود تھے، اس کے باوجود پولیس کی طرف سے چادر اور چاردیواری کے تقدس کی پامالی شاہ سے زیادہ شاہ کے وفاداروں کی بھونڈی کارروائی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
چیف آرگنائزر ق لیگ یورپ نے کہا کہ میں ذاتی طور پر چوہدری برادران کے گھر پر پولیس گردی کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر رات کی تاریکی میں پولیس کی بھاری نفری کی طرف سے گیٹ توڑنے اور گھر میں داخل ہو کر انہیں ہراساں کرنے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
Comments are closed.