ہفتہ 8 ؍شوال المکرم 1444ھ29؍اپریل 2023ء

دوسرا ون ڈے: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 337 رنز کا ہدف

دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 337 رنز کا ہدف دے  دیا۔ 

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

بیٹرز کے لیے سازگار اس وکٹ پر ڈیرل مچل نے پھر سنچری اسکور کی اور اس مرتبہ نیوزی لینڈ نے پہلے سے زیادہ رنز کا انبار لگایا۔ 

مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے۔ 

محتاط انداز میں شروع کی گئی اس اننگز کے ابتدا میں ول ینگ 33 کے مجموعے پر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ 

دوسری وکٹ پر 51 رنز بنانے والے چیڈ بوس کے ساتھ ڈیرل مچل نے 86 رنز جوڑے، جبکہ چیڈ بوس کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم نے 183 رنز کی پارٹنرشپ بناڈالی۔ 

ڈیرل مچل نے 129 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ٹام لیتھم 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور جمی نیشم نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

پاکستان کی طرف سے حارث رؤف 78 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر نمایا رہے جبکہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔  

ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، محمد رضوان شامل ہیں۔

آغا سلمان، محمد نواز، اسامہ میر، نسیم شاہ، حارث رؤف اور احسان اللّٰہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں آج فاسٹ بولر احسان اللّٰہ ون ڈے ڈیبیو کر رہے ہیں، انہیں شاہین آفریدی نے ون ڈے کیپ دی۔

واضح رہے کہ پاکستان کو 5 ون ڈے میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کے آخری 3 ون ڈے میچز 3، 5 اور 7 مئی کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.