بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

چوتھا الرٹ جاری: ڈیپ ڈپریشن کراچی سے 160 کلو میٹر دور

محکمۂ موسمیات نے ممکنہ سمندری طوفان کے پیشِ نظر چوتھا الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق بحیرۂ عرب میں موجود ڈپریشن ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو چکا ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 6 گھنٹے میں یہ ڈیپ ڈپریشن سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے، جو کراچی کےجنوب اور جنوب مغرب سے 160 کلو میٹر دور ہے۔

ڈیپ ڈپریشن ٹھٹھہ سے 140 اور اورماڑہ سے 270 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈپریشن کراچی سے 280 سے 300 کلو میٹر جنوب مشرق میں موجود ہے یہ ڈپریشن 24 گھنٹوں کے دوران سائیکلون بن سکتا ہے۔

سمندری طوفان کا رخ مغرب اور شمال مغرب کی سمت میں مکران کی ساحلی پٹی کی جانب ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ ڈیپ ڈپریشن کے باعث زیریں سندھ میں کراچی سمیت ساحلی پٹیوں پر طوفانی بارش کے امکانات ہیں، جبکہ اس کے باعث سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی بارشں ہو سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں موجودہ درجۂ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں کیٹی بندر سمیت ساحلی پٹی میں موسم تبدیل ہو گیا، طوفانی ہوائیں چلنے لگیں اور بارش شروع ہو گئی۔

محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ یہاں 21 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.