بدھ 17؍ ربیع الاول 1445ھ4؍اکتوبر 2023ء

چاچا کرکٹ بھی بھارتی ویزے کے منتظر

پاکستان کرکٹ ٹیم کو دہائیوں سے سپورٹ کرنے والے کرکٹ کے سب سے بڑے مداحوں میں سے ایک صوفی عبدالجلیل المعروف ’چاچا کرکٹ‘ بھی بھارتی ویزے کے منتظر ہیں۔ 

چاچا کرکٹ کا کہنا ہے کہ بھارت جا کر ورلڈکپ دیکھنا اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہتا ہوں، ابھی تک بہت مشکل درپیش آرہی ہے، پتہ ہی نہیں بھارت کے ویزے کیسے لگنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا سے فون آرہے ہیں کہ چاچا جی کیا آپ بھارت ورلڈ کپ میں سپورٹ کے لیے جائیں گے؟ سری لنکا، بنگلادیش، امریکا سے شائقین کرکٹ بھارت پہنچ چکے ہیں لیکن ہمیں ویزا نہیں مل رہا۔

ورلڈ کپ 2023ء کا معرکہ شروع ہونے کو ہے، اللّٰہ اللّٰہ کر کے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ویزے مل گئے جس کے بعد ٹیم تو بھارت پہنچ گئی تاہم اب خبریں گردش کر رہی ہیں کہ بھارت نے پاکستانی یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

بزرگ کرکٹ فین کا کہنا تھا کہ میں بھارت جا کر پاکستان کا پرچم لہرانا چاہتا ہوں، میری بھارتی حکومت سے گزارش ہے کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے ویزوں میں نرمی برتیں۔

چاچا کرکٹ نے کہا کہ ذکا اشرف سے بھی گزارش ہے کہ ہمارے لیے بھارتی ویزوں کے اجراء میں آسانی پیدا فرمائیں، پی سی بی پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے بھارتی ویزوں میں مدد کرے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی تاخیر سے بھارتی ویزوں کا اجراء ہوا جبکہ فینز اور صحافیوں کے لیے بھی ابھی تک کسی پالیسی کا اعلان نہیں کیا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.