بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

چاغی: طوفانی بارش، ریلوے ٹریک متاثر، 2 افراد جاں بحق

بلوچستان کے ضلع چاغی کے شہر دالبندین میں طوفانی بارش سے پاک ایران ریلوے ٹریک 21 مقامات سے متاثر ہوا ہے، بارش کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے جبکہ ایئر ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹریک متاثر ہونے کے بعد پاک ایران ریل سروس معطل کر دی گئی ہے، دالبندین کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلے نے ریلوے ٹریک کو اکھاڑ دیا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابرآلود ہے او ر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات، خضدار، بار کھان، کوہلو، سبی، زیارت، ژوب اور موسیٰ خیل سمیت جنوبی اور وسطی اضلاع میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، اس دوران ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ ایک ٹرین کو دالبندین، دوسری کو یادگار کے مقام پر روک دیا گیا ہے، بارش کےبعد دالبندین اور یک مچ کے درمیان ریلوے ٹریک پر شگاف پڑ گئے۔

ٹریک پر شگاف پڑنے اور مٹی بہہ جانے سے ریلوے لائن کئی جگہ سے اکھڑ گئی، ریلوے ٹریک شدید متاثر ہونے سے کوئٹہ سے زاہدان مال گاڑی کی سروس بھی معطل ہو گئی ہے۔

کیسکو ذرائع کے مطابق دالبندین میں بارش کے بعد بجلی کے متعدد کھمبے زمین بوس ہو گئے جس سے دالبندین شہر اور ملحقہ علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج دوپہر میں تھنڈر سیلز بننے کا امکان ہے جس کے باعث دوپہر اور شام میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بارش سے دالبندین ایئر پورٹ اور اے ایس ایف اہلکاروں کے کمروں کی چھت متاثر ہوئی ہے، جبکہ ایئر ٹریفک کا کمیونی کیشن نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ دالبندین ایئر پورٹ پر طوفانی بارش اور تیز ہواؤں سے ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.