جمعہ22؍ربیع الثانی 1444ھ 18؍نومبر 2022ء

پی ڈی ایم سے معاہدہ کیا، پھر بھی مسئلہ حل نہ ہوا، وسیم اختر

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکزی رہنما وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم چاہتی ہے اپنی طویل جدوجہد لوگوں کے سامنے رکھے۔ متحدہ نے کراچی کے مسائل کی وجہ سے پارٹیوں سے الحاق کیا۔ 

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 4 سال میں سابق وزیراعظم عمران خان سے کئی میٹنگز ہوئیں لیکن کبھی مسئلہ حل نہ ہوا۔ پھر ہم نے پی ڈی ایم سے معاہدہ کیا، پھر بھی مسئلہ حل نہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جب ایم کیو ایم کی میئرشپ تھی ہمارے پاس اختیارات نہیں تھے۔ ہم سپریم کورٹ گئے جس کا فیصلہ گلزار صاحب نے دیا تھا، سپریم کورٹ نے کہا کہ بلدیاتی نظام کو مضبوط ہونا چاہیے۔ 

سابق میئر کراچی نے مزید کہا کہ ان ہی نکات کے تحت ہم نے پیپلز پارٹی کے ساتھ گفتگو کی تھی۔ پی پی کو بھی ہم نے معاہدے کے بعد 140 اے کی مضبوطی کا کہا۔ آصف زرداری اور بلاول نے ان مطالبات کو جائز کہا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ جدوجہد تھی جو ہم نے بلدیاتی قانون کے لیے کی۔ الیکشن قریب آئے تو حلقہ بندیاں کی گئیں، نقصان ایم کیو ایم کو ہونا تھا۔ یہ خامیاں سامنے آتے ہی کورٹ گئے اور الیکشن کمیشن بھی گئے۔

انہوں نے کہا کہ اختیارات کے لیے ہم جدوجہد کر رہے ہیں چاہے جو بھی میئر آئے۔ ایک جنگ سیاسی جماعتوں سے لڑ رہے ہیں، ایک کورٹ میں لڑ رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.